پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 55 رنز سے شکست

مہمان ٹیم نے 195 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں کریز پر پاکستانی بلے باز قدم نہ جما سکے۔ اوپنر صائم ایوب 37 رنز کے ساتھ پاکستان کے ٹاپ سکورر رہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی پر بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوئے۔
صاحبزادہ فرحان
Getty Images
اچھے آغاز کے بعد ولیمز کی ایک تیز گیند پر صاحبزادہ 24 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوگئے

راولپنڈی میں پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دی ہے۔

مہمان ٹیم نے 195 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں کریز پر پاکستانی بلے باز قدم نہ جما سکے۔ اوپنر صائم ایوب 37 رنز کے ساتھ پاکستان کے ٹاپ سکورر رہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی پر بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کے بولر کوربن بوش نے چار جبکہ جارج لنڈے نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کے ریضا ہینڈرکس نے پہلی اننگز میں 60 رنز کی باری کھیل کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی تھی۔

بابر اعظم،
Getty Images
ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی پر بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوئے

بابر اعظم سمیت پاکستانی بلے بازوں کی مایوس کن کارکردگی

اننگز کے آغاز میں اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کے درمیان 31 رنز کی شراکت قائم ہوئی تھی مگر لیزاد ولیمز کی ایک تیز گیند پر صاحبزادہ 24 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوگئے۔

میچ کا اہم لمحہ چھٹے اوور میں دیکھا گیا جب ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی کرنے والے سابق کپتان بابر اعظم اپنی دوسری ہی گیند پر صفر رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ وہ بوش کی بولنگ پر جارحانہ شاٹ کھیلنا چاہتے تھے مگر ہینڈرکس کو آسان کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد بوش نے کپتان سلمان آغا کو ایل بی ڈبلیو کیا۔

چوتھی وکٹ کے لیے صائم اور عثمان خان کے درمیان 39 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ اس کے بعد صائم 37 رنز بنا کر سپنر لنڈے کا شکار بنے۔ اس کے بعد دو اوورز میں عثمان خان (12)، حسن نواز (3) اور فہیم اشرف (1) کی وکٹیں بھی گِر گئیں۔

نویں وکٹ کے لیے محمد نواز اور شاہین آفریدی کے درمیان 20 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ پھر شاہین بوش کا تیسرا شکار بنے۔ نسیم شاہ کو بھی بوش نے ہی آؤٹ کیا۔

آخری وکٹ محمد نواز کی گِری جو 36 رنز بنا کر ویلمز میں شکار بنے۔

ہینڈرکس
Getty Images
جنوبی افریقہ کے ریضا ہینڈرکس نے 60 رنز کی باری کھیل کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی تھی

نو وکٹیں گِرنے کے باوجود جنوبی افریقہ کی جارحانہ بیٹنگ

پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کا آغاز جارحانہ تھا اور انھوں نے وکٹیں گنوانے کے باوجود پوری اننگز کے دوران رن ریٹ بڑھائے رکھا۔

پاکستان کو پہلی کامیابی چوتھے اوور میں ملی۔ صائم ایوب کی گیند پر کوئنٹن ڈیکاک کیچ آؤٹ ہوئے۔ ڈیکاک نے پانچ چوکوں کی مدد سے 13 گیندوں پر 23 رنز بنائے تھے۔

ٹونی زی زورزی 16 گیندوں پر 33 رنز بنا کر محمد نواز کا پہلا شکار بنے۔ پھر نواز نے ڈیوالڈ بریوس کو بولڈ کیا۔ 11ویں اوور میں پاکستان کو چوتھی وکٹ ملی جب صائم ایوب کی گیند پر میتھیو بریٹزکے کیچ آؤٹ ہوئے۔

محمد نواز نے اپنے سپیل کی آخری گیند پر جنوبی افریقہ کے کپتان ڈوناون فریرا کو بولڈ کیا۔

پھر ابرار احمد نے اوپنر ریضا ہینڈرکس کی وکٹ حاصل کی جنھوں نے 60 رنز کی باری کھیلی تھی۔ نسیم شاہ نے 36 رنز بنانے والے جارج لنڈے کو آؤٹ کیا۔ کوربن بوش شاہین آفریدی کا شکار بنے اور لیزاد ولیمز رن آؤٹ ہوئے۔

یوں جنوبی افریقہ نے 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US