پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، خارجی کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک

image

سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب ضلع باجوڑ میں خوارج کے گروہ کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خارجی کمانڈر امجد عرف مزاحم سمیت 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورسز نے خوارج کے ایک گروہ کی مشتبہ نقل و حرکت کو بروقت شناخت کر کے مؤثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ خارجی کمانڈر امجد عرف مزاحم بھی شامل تھا جو خوارج کے سربراہ نور ولی کا نائب اور بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنۃ الخوارج کی رہبری شوریٰ کا سربراہ تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ امجد افغانستان میں رہ کر پاکستان میں متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا جبکہ اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ فتنۃ الخوارج کی قیادت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی اس موقف کی تصدیق کرتی ہے کہ افغان سرزمین بدستور پاکستان مخالف عناصر کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہو رہی ہے۔بیان میں افغان عبوری حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے جبکہ غیر ملکی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن عزمِ استحکام بھرپور انداز میں جاری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ میں آپریشن کے دوران مطلوب ترین خارجی کمانڈر سمیت چار دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری سے پاکستان کی سالمیت کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی لعنت کو ملک سے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US