پیاز کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو بجٹ کو خاصا متاثر کیا ہے۔ روزمرہ کھانوں میں پیاز اہم جزو سمجھا جاتا ہے، اس لیے لوگ سوچ میں پڑ گئے ہیں کہ مہنگی پیاز خریدیں یا بغیر پیاز کھانا بنائیں۔ ایسے میں چند آسان اور کم قیمت متبادل آپ کی مدد کر سکتے ہیں جو نہ صرف ذائقہ پورا کریں گے بلکہ سالن کو مناسب گاڑھا پن بھی دیں گے۔
پیاز کی جگہ لہسن
اگر پیاز مہنگی ہو تو لہسن بہترین حل ہے۔ تیل میں ہلکا سا تلنے پر اس کا ذائقہ پیاز کی کمی محسوس نہیں ہونے دیتا۔ اس کے علاوہ تھوڑا سا لہسن مٹی میں لگا دیں تو اس سے اگنے والی سبز کونپلیں بھی سالن میں پیاز کے متبادل کے طور پر استعمال کی جا سکتی ہیں، جن کا ذائقہ ہلکا اور خوشبو دار ہوتا ہے۔
سالن گاڑھا بنانے اور بگھار بنانے کے طریقے
کھانے کو گاڑھا بنانے کے لیے آلو یا لوکی پیس کر شامل کریں۔ یہ نہ صرف سالن کو گہرا ذائقہ دیتے ہیں بلکہ پیاز کی کمی محسوس نہیں ہونے دیتے۔ بگھار کے لیے ہری پیاز یا لہسن دونوں ہی اچھا انتخاب ہیں اور خوشبو بھی بہترین آتی ہے۔
ہری پیاز
ہری پیاز اس وقت بآسانی مل جاتی ہے اور عام پیاز کے مقابلے میں سستی ہے۔ اس کا ذائقہ بھی تیز نہیں ہوتا، لہٰذا سالن میں ڈال کر نرم پکانے سے پیاز جیسا تاثر پیدا ہو جاتا ہے جبکہ صحت کے لیے بھی مفید ہے۔
سونف
اسی طرح سونف عام طور پر مصالحے کے طور پر استعمال ہوتی ہے، لیکن کم لوگ جانتے ہیں کہ یہ پیاز کا متبادل بھی بن سکتی ہے۔ بس سونف کے دانے کو گملے میں بو دیں اور نکلنے والی ہری پتیاں کاٹ کر کھانوں میں شامل کریں۔ یہ نہ صرف خوشبو بڑھائیں گی بلکہ سالن کی ساخت بھی بہتر بنا دیں گی۔
ان آسان گھریلو طریقوں سے پیاز پر انحصار کم ہو سکتا ہے اور کھانے کا ذائقہ بھی برقرار رہتا ہے۔