وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ آزاد صحافت جمہوریت کی بنیاد اور صحافیوں پر حملے سماج کے ضمیر پر وار ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ آزاد میڈیا کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، پیپلز پارٹی حکومت آزادی اظہار کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں صحافیوں کے تحفظ کا جامع قانون نافذ ہے، سندھ کمیشن فار پروٹیکشن آف جرنلسٹس عملی و مؤثر کردار ادا کر رہا ہے، صحافیوں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا میں صحافیوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی وقت کی ضرورت ہے، آزادی صحافت کے بغیر کوئی معاشرہ مکمل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں پر حملوں میں ملوث عناصر کو ہر گز رعایت نہیں دی جائے گی، نفرت انگیز مہمات اور آن لائن ہراسانی کو روکنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی بنا رہے ہیں، آزاد، محفوظ اور بااعتماد میڈیا کے بغیر جمہوریت کا تصور نامکمل ہے۔