سپریم کورٹ آف پاکستان کی عمارت کے کیفے ٹیریا میں پیر کی صبح ہونے والے خوفناک گیس دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اچانک زور دار دھماکے کے ساتھ شعلے بلند ہوئے اور اردگرد بھگدڑ مچ گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ صبح 10 بج کر 55 منٹ پر پیش آیا جب بیسمنٹ میں واقع کیفے ٹیریا کے قریب اے سی پلانٹ کی مرمت کا کام جاری تھا۔ دورانِ مرمت جمع شدہ گیس اچانک بھڑک اٹھی اور زور دار دھماکے کا باعث بنی۔
دھماکے کے نتیجے میں عمارت لرز اٹھی، عملہ، وکلا اور دیگر افراد خوفزدہ ہو کر باہر نکل آئے۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو پمز اسپتال اور پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دھماکے میں کم از کم 12 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔ زخمیوں میں شامل اے سی ٹیکنیشن جس کا جسم 80 فیصد جھلس گیا تھا، بدقسمتی سے منگل کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوع کا معائنہ کیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکہ گیس لیکیج کے باعث ہوا، کسی تخریب کاری یا دھماکہ خیز مواد کے شواہد نہیں ملے۔
ذرائع کے مطابق کیفے ٹیریا کے علاقے میں کئی روز سے گیس لیکیج کی شکایات موصول ہو رہی تھیں، تاہم مرمتی عمل کے دوران مناسب وینٹیلیشن نہ ہونے کی وجہ سے گیس جمع ہوگئی، جو آگ لگنے کا باعث بنی۔
سپریم کورٹ انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں، پولیس اور متعلقہ ادارے وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔