"میں یہاں اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی کا نام نہیں لے سکتی۔ ویسے بھی میں نے زندگی میں بہت کم غلطیاں کی ہیں، لیکن ایک ایسی غلطی ضرور کی جس کی وجہ سے آج کل تکلیف اٹھا رہی ہوں۔ اب میں وہی کروں گی جو میرا دل کہے گا، باقی نتائج جو بھی ہوں گے، ان کا سامنا خود کروں گی۔"
"جب آپ کسی سے محبت کرتے ہیں اور وہی شخص آپ کو یہ احساس دلانے لگے کہ آپ کی کوئی اہمیت نہیں، تو یہ بہت تکلیف دہ ہوتا ہے۔ جب آپ محبت میں پڑیں گے تو میری بات سمجھ جائیں گے۔ اللہ کا مجھ پر خاص کرم ہے کہ اگر کوئی میرے ساتھ منافقت کرتا ہے تو اللہ کسی نہ کسی طرح اس کا اصل چہرہ میرے سامنے لے آتا ہے۔"
معروف ماہرِ نفسیات، سابق نیوز اینکر اور ڈیجیٹل کریئیٹر ڈاکٹر نبیہا علی خان ایک بار پھر اپنے بے باک خیالات کی وجہ سے خبروں کا حصہ بن گئی ہیں۔ انسانی رویوں اور نفسیات پر گفتگو کرنے والی ڈاکٹر نبیہا نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں اپنی زندگی کے ایک ایسے فیصلے کا ذکر کیا جسے وہ آج اپنی سب سے بڑی غلطی قرار دے رہی ہیں۔
پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران میزبان نے ان سے پوچھا کہ زندگی میں ایسا کون سا فیصلہ ہے جس پر انہیں سب سے زیادہ پچھتاوا ہے۔ اس سوال کے جواب میں ڈاکٹر نبیہا نے براہِ راست تفصیلات تو شیئر نہیں کیں، تاہم ان کے الفاظ نے سوشل میڈیا صارفین کو سوچنے پر مجبور کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک غلط فیصلہ آج بھی ان کی زندگی پر اثر انداز ہو رہا ہے اور وہ اس کے نتائج بھگت رہی ہیں۔
ڈاکٹر نبیہا کی گفتگو کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔ کئی صارفین ان کے حالیہ ازدواجی زندگی سے متعلق اشارے تلاش کرتے دکھائی دیے، جبکہ بعض افراد کا خیال ہے کہ وہ عمومی طور پر زندگی کے کسی ذاتی تجربے کا ذکر کر رہی تھیں۔ تاہم ڈاکٹر نبیہا نے اپنی بات میں کسی شخص یا تعلق کا نام نہیں لیا۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر نبیہا علی خان پاکستان کی معروف ماہرِ نفسیات ہیں جنہوں نے ٹی وی اور ڈیجیٹل میڈیا پر اپنی منفرد گفتگو اور وائرل بیانات کے ذریعے بڑی شہرت حاصل کی۔ ان کے پہلے شوہر کئی برس قبل انتقال کر گئے تھے اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔ نومبر 2025 میں انہوں نے اپنے دوست اور ساتھی حارث کھوکھر سے دوسری شادی کی تھی۔
پوڈکاسٹ میں کی گئی ان کی حالیہ گفتگو اب سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے، جہاں صارفین ان کے الفاظ کے مختلف مطلب اخذ کر رہے ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آخر وہ کون سا فیصلہ تھا جسے ڈاکٹر نبیہا اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی سمجھتی ہیں۔