ماں باپ لڑکیوں کو شادی کے بعد الگ رہنے کی تربیت دے رہے ہیں، سہیل سمیر

image

آج کل نئی شادی شدہ لڑکیاں سمجھتی ہیں کہ اب انہیں اس تخت پر بیٹھنا ہے اور شوہر کے والدین کو ایک طرف ہو جانا چاہیے۔ وہ خود کو گھر کا سب کچھ سمجھنے لگتی ہیں۔ میرے خیال میں آج کل والدین اپنی بیٹیوں کی ایسی تربیت کرتے ہیں کہ وہ شادی کے بعد شوہر کو مشترکہ خاندان سے الگ کر لیں تاکہ ساس کا دباؤ برداشت نہ کرنا پڑے۔ وہ یہ نہیں سوچتے کہ ساس بھی ایک عورت ہے جو کبھی خود اسی گھر میں بہو بن کر آئی تھی۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سہیل سمیر نے شادی، سسرال اور خاندانی نظام سے متعلق ایک ایسا بیان دے دیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

سہیل سمیر حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے رشتوں، شادیوں اور مشترکہ خاندانی نظام کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ گفتگو کے دوران اداکار نے کہا کہ آج کل رشتے طے کرتے وقت بعض والدین ایسی غیرمنصفانہ توقعات رکھتے ہیں جو بعد میں خاندانی اختلافات کا سبب بنتی ہیں۔

اداکار کے مطابق بہت سے والدین اپنی بیٹیوں کو اس سوچ کے ساتھ رخصت کرتے ہیں کہ وہ شادی کے بعد شوہر کو اس کے والدین سے الگ کر لیں تاکہ انہیں ساس یا مشترکہ خاندان کے ماحول کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سہیل سمیر نے کہا کہ اس رویے کے باعث خاندانوں میں فاصلے پیدا ہوتے ہیں اور والدین اور اولاد کے درمیان تعلقات متاثر ہوتے ہیں۔

تاہم انہوں نے صرف خواتین یا ان کے والدین پر تنقید نہیں کی بلکہ مردوں کو بھی اہم ذمہ داری یاد دلائی۔ سہیل سمیر کا کہنا تھا کہ ایک لڑکی اپنے گھر، اپنے ماحول اور اپنی زندگی کا بڑا حصہ چھوڑ کر ایک نئے خاندان میں آتی ہے جو ایک بہت بڑی قربانی ہے۔ اسی لیے شوہروں کو چاہیے کہ وہ اپنی بیویوں کے ساتھ محبت، احترام اور حساسیت کا رویہ اختیار کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک باپ اپنی سب سے قیمتی امانت، یعنی اپنی بیٹی، کسی دوسرے شخص کے سپرد کرتا ہے اس لیے ہر لڑکی کو عزت، محبت اور تحفظ ملنا چاہیے۔

سہیل سمیر کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ افراد اداکار کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے مشترکہ خاندانی نظام کے تحفظ کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں جبکہ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ ہر خاندان اور ہر رشتے کے مسائل مختلف ہوتے ہیں، اس لیے تمام خواتین یا والدین کو ایک ہی پیمانے سے نہیں ناپا جا سکتا۔

واضح رہے کہ سہیل سمیر پاکستان کے معروف اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری سے ناظرین کی توجہ حاصل کی۔ ان دنوں وہ گرین انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ "رہگزر" میں اپنی پرفارمنس پر خوب داد سمیٹ رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US