بالی ووڈ کے لیجنڈ دھرمیندر کے مداح اس وقت شدید غم و غصے اور دکھ میں مبتلا ہیں، کیونکہ اسپتال کے ایک غیر ذمہ دار ملازم نے آئی سی یو میں بنائی گئی خفیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلا دی۔ یہ فوٹیج 13 نومبر کو وائرل ہوئی اور چند ہی گھنٹوں میں مداحوں سے لے کر فنکار برادری تک ہر سطح پر شدید ردِعمل سامنے آیا۔
وائرل ہوتی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دھرمیندر اسپتال سے ڈسچارج ہوکر گھر پر علاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی پہلی اہلیہ پرکاش کور شوہر کی حالت دیکھ کر خود پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں۔ سنی دیول نے ماں کو سنبھالنے کی پوری کوشش کی جبکہ بوبی دیول بھی والد کی کمزور حالت دیکھ کر جذباتی ہوگئے۔ اس منظر نے لاکھوں مداحوں کے دل دہلا دیے۔
جیسے ہی معاملہ سامنے آیا، بریچ کینڈی اسپتال نے فوری داخلی تحقیقات شروع کر دیں اور ویڈیو بنانے والا اسٹاف ممبر گرفتار کر لیا گیا۔ عوام نے بھی سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور پرائیویسی کی سنگین خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اسپتال انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ آئندہ کسی بھی قسم کی ذاتی معلومات یا نجی لمحات کی خلاف ورزی روکنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
اسی دوران سنی دیول نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ وہ ایسے حساس اور گھریلو لمحات کی ویڈیو بنانے اور اسے پھیلانے کے سخت خلاف ہیں۔ ان کے مطابق بیمار والد کی حالت کو اس طرح دنیا کے سامنے رکھنا نہ اخلاقی ہے اور نہ ہی انسانی ہمدردی کے اصولوں کے مطابق۔
یہ واقعہ ایک بار پھر اس حقیقت کو نمایاں کرتا ہے کہ شہرت رکھنے والی شخصیات بھی اپنی نجی زندگی اور عزت کے تحفظ کی اتنی ہی حق دار ہیں جتنی کوئی عام انسان۔