ہائر ایجوکیشن کمیشن نے امریکا کی 100 اعلیٰ یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی اسکالرشپ کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ اسکالرشپ پروگرام یو ایس-پاکستان نالج کوریڈور پروجیکٹ کے تحت فراہم کیا جا رہا ہے۔
ایچ ای سی کی سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق اسکالرشپ دو کیٹیگریز میں دستیاب ہیں، پہلی کیٹیگری میں ٹاپ 50 یونیورسٹیوں میں اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء کو ٹیوشن فیس، اسٹائپنڈ اور ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی جبکہ دوسری کیٹیگری میں یونیورسٹی نمبر 51 تا 100 میں اسکالرشپ حاصل کرنے والوں کو سالانہ 12 ہزار ڈالر کے ٹیوشن فیس کے ساتھ اسٹائپنڈ اور ہیلتھ انشورنس دی جائے گی۔
اسکالرشپ کے لیے درخواستیں 30 اپریل 2026 تک ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ یہ اسکالرشپ پاکستانی طلباء کو عالمی سطح کی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے اور تحقیقی شعبے میں تعاون بڑھانے کا موقع فراہم کرے گی۔