وفاقی حکومت نے پانامہ کیس کے دوران گرفتار ہونے والے سابق چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) ظفر حجازی کو وفاقی ٹیکس محتسب تعینات کردیا ہے۔
وزارتِ قانون و انصاف نے تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے عہدے کا چارج فوری طور پر سنبھالیں گے۔
یاد رہے کہ ظفر حجازی وہ واحد سرکاری عہدیدار تھے جنہیں پانامہ کیس کی تحقیقات کے دوران سب سے پہلی گرفتاری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہیں چوہدری شوگر ملز ریکارڈ ٹمپرنگ کیس میں نامزد کیا گیا، تاہم بعدازاں عدالت نے ان کے خلاف الزامات ثابت نہ ہونے پر انہیں بری کردیا تھا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے ظفر حجازی کو ان کے طویل انتظامی تجربے اور سرکاری اداروں میں خدمات کے باعث وفاقی ٹیکس محتسب کے عہدے پر فائز کیا ہے۔ وفاقی ٹیکس محتسب کا بنیادی کام ٹیکس دہندگان کی شکایات کا ازالہ، ٹیکس محکموں کی جانب سے ہونے والی زیادتیوں، ناانصافی اور تاخیر کے خلاف کارروائی کرنا ہوتا ہے۔
وزارت قانون کے مطابق نئے محتسب سے توقع ہے کہ وہ ٹیکس اصلاحات اور شکایات کے شفاف حل میں اہم کردار ادا کریں گے۔