شیخ رشید عمرہ اجازت کیس: وفاقی حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت ملتوی

image

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی کے ڈویژن بینچ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو عمرہ پر جانے کی اجازت دینے کے فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت ہوئی۔

شیخ رشید احمد اپنے وکیل سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے آغاز میں وفاقی حکومت کے ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش نہ ہوئے اور التوا کی درخواست دائر کردی۔

اس پر شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق خان نے وفاق کی اپیل کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سنگل بینچ کا فیصلہ وفاقی حکومت کے اپنے اعترافی بیان کی بنیاد پر جاری ہوا تھا، اور ایسے فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کی جاسکتی۔

جسٹس جواد حسن نے استفسار کیا کہ شیخ رشید نے رواں سال کتنی بار بیرون ملک سفر کیا؟ جس پر سردار عبدالرازق نے بتایا کہ شیخ رشید اس سال برطانیہ، آذربائیجان اور سعودی عرب کا سفر کرچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے مطابق آزادانہ نقل و حرکت اور بیرون ملک سفر ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

جسٹس رضا قریشی نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے پوچھا کہ وفاقی حکومت کی اپیل کیسے قابل سماعت ہے؟ جس پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل موجود نہیں، اسی لیے وہی اگلی سماعت پر جواب دیں گے۔

عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی اور ہدایت کی کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اگلی تاریخ پر مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہوں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US