ٹیکس اصلاحات ورکنگ گروپ کا اجلاس، معاشی ترقی کیلیے عملی اقدامات پر زور

image

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت روزِ اول سے برآمدات میں اضافے پر مبنی معاشی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور کاروباری شخصیات، ٹیکس دہندگان اور سرمایہ کاروں کو ملک کی ترقی کا بنیادی ستون سمجھتی ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں نجی شعبے کے ماہرین اور کاروباری رہنماؤں پر مشتمل ٹیکس اصلاحات ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ مضبوط کاروباری ماحول ہی ٹیکس آمدن میں اضافے اور مستحکم معیشت کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طویل مدتی اصلاحات کے ذریعے کاروبار کو مزید آسان، شفاف اور مسابقتی بنانے کیلیے کوشاں ہے۔

اجلاس میں شریک کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں نے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج ختم کرنے کے حکومتی فیصلے پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیرِ اعظم نے نجی شعبے کے ماہرین کی جانب سے پیش کی گئی جامع تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان تجاویز کو قابلِ عمل بنانے کیلیے وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جا رہی ہے۔ یہ کمیٹی عملی اقدامات اور قابلِ عمل لائحہ عمل پیش کرے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، متعلقہ حکام اور ورکنگ گروپ کے چیئرمین شہزاد سلیم سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس کو مختلف شعبوں میں ٹیکس کی شرح، خطے کے ممالک سے تقابلی جائزے، نجی شعبے کی ترقی، برآمدات کے فروغ اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلیے ضروری ٹیکس اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو پاکستانی کاروباری شعبے کی علاقائی مسابقت بڑھانے کیلیے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

وزیرِ اعظم نے تمام تجاویز پر غور و خوض کے بعد عملی اقدامات یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US