لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ کی شدت کے باعث عمارت ہی گر گئی۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی کے ایم سی کے 6 فائر ٹینڈرز روانہ کیے گئے، فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ نے فیکٹری کی عمارت کو لپیٹ میں لے رکھا تھا، آگ بجھانے کی کارروائی کرتے ہوئے فوری طور پر فیکٹری میں پھنسے ہوئے ملازمین کو باہر نکال دیا گیا۔
ریسکیو ترجمان کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت کے باعث عمارت منہدم ہوگئی ہے، جبکہ بے قابو آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کرلی، سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر لانڈھی ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ، شیرپاؤ ہائیڈرنٹ پر بھی ٹینکرز کو اسٹینڈ بائی پر الرٹ کردیا گیا، جبکہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے جائے وقوعہ پر فوری طور پر واٹر ٹینکرز روانہ کیے گئے۔
انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں، آگ بجھانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق آتشزدگی پر مکمل قابو پانے تک ٹینکرز کے ذریعے پانی کی فراہمی جاری رہے گی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے واٹر کارپوریشن ہر ممکن تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔