پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کو مسترد کر دیا

image

پاکستان نے بھارت کے وزیرِ خارجہ کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے انتہائی اشتعال انگیز، بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے جاری بیان میں کہا کہ بھارت جھوٹے الزامات لگا کر پاکستان کے اداروں کو بدنام کرنے اور اپنی خطے میں کی جانے والی عدم استحکام پیدا کرنے والی کارروائیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے، اور اس کے تمام ادارے — خصوصاً مسلح افواج — ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کا تنازع پاکستان کی افواج کے پیشہ ورانہ معیار اور ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔

دفترِ خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی قیادت ایک ایسے پروپیگنڈا مہم کا حصہ بنی ہوئی ہے جس کا مقصد اپنی پالیسیوں پر ہونے والی عالمی تنقید سے بچنا ہے۔ ترجمان نے الزام عائد کیا کہ بھارت پاکستان میں ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی میں ملوث رہا ہے، جبکہ خود بھارت میں ہندوتوا انتہا پسندی میں خطرناک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جس کے باعث ہجوم کے ہاتھوں قتل، غیر قانونی حراستیں، اور عبادت گاہوں و گھروں کی تباہی جیسے واقعات بڑھ رہے ہیں۔

بیان کے مطابق پاکستان خطے میں بقائے باہمی اور سفارت کاری کی حمایت کرتا ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہمیشہ مضبوط اور فیصلہ کن موقف اختیار کرے گا۔

یاد رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت کے زیادہ تر مسائل کی وجہ پاکستان کی مسلح افواج ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US