بحیرہ عرب میں 1500 کلو منشیات ضبط، وزیراعظم کا پاکستان نیوی کو خراج تحسین

image

پاکستان نیوی کے جنگی بحری جہاز پی این ایس یمامہ نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول (RMSP) کے دوران ایک بڑی اینٹی نارکوٹکس کارروائی کرتے ہوئے 1500 کلوگرام چرس قبضے میں لے لی، جس کی قیمت تقریباً 30 لاکھ امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے۔

یہ کارروائی پاکستان نیوی کی سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بھرپور کارروائی اور خطے میں سیکیورٹی یقینی بنانے کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔

پاکستان نیوی باقاعدگی سے RMSP مشنز کے ذریعے سمندری نگرانی اور قومی میری ٹائم مفادات کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ، خطے اور عالمی سطح پر سیکیورٹی کی کوششوں میں شراکت اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے ایک محفوظ اور مستحکم سمندری ماحول کی تشکیل میں بھی نمایاں حصہ لے رہی ہے۔

پاکستان نیوی کی جانب سے اس تازہ کامیابی کو سیکیورٹی اداروں اور عوام کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم نے بحیرہ عرب میں منشیات کی بھاری کھیپ پکڑنے پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کی کڑی نگرانی، پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل سمندری نگرانی کے باعث خطے میں اسمگلنگ کے مکمل خاتمے کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر مشترکہ اور مربوط سمندری سلامتی کے فروغ میں ایک فعال اور قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے، جو انتہائی قابلِ تحسین ہے۔

وزیراعظم نے سمندری حدود کی حفاظت، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور خطے میں استحکام کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کو قومی سطح پر سراہتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب کارروائی نے پاکستان کا وقار مزید بلند کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US