35ویں نیشنل گیمز میں خیبر پختونخوا دو گولڈ، تین سلور اور 12 برانز میڈلز جیت کر مجموعی طور پر 17 میڈلز کے ساتھ صوبوں میں پہلے نمبر موجود ہے۔
گزشتہ روز پی ایس بی کوچنگ سنٹر کراچی میں خواتین سکواش ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پنجاب کو تین۔صفر سے شکست دے کر ٹیم ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ سیمی فائنل میں کے پی کی سحرش علی نے پنجاب کی فرح نور کو 0-3 سے جبکہ ماہ نور علی نے پنجاب کی رشنا کو بھی 0-3 سے شکست دے کر ٹیم کو فائنل میں پہنچایا۔ فائنل پاکستان آرمی کے خلاف کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب جوڈو مقابلوں میں بھی خیبر پختونخوا کے کھلاڑی نمایاں رہے۔ صوبے کے جوڈو پلیئرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک سلور اور دو براو نز میڈلز اپنے نام کر لیے۔
خیبر پختونخوا دستے کے چیف ڈی مشن تاشفین حیدر ، ڈپٹی چیف ڈی مشن رحمت گل آفریدی ،بھی کھلاڑیوں کے حوصلہ افزائی کیلئے مختلف وینیوز پر موجود رہے۔
ایتھلیٹکس میں بھی خیبر پختونخوا نے میڈل جیتا۔ 3000 میٹر اسٹیپل چیز ایونٹ میں کے پی کے خبیب نے بہترین پرفارمنس کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا جو اس ایونٹ میں صوبے کا پہلا میڈل ہے۔ 35 ویں نیشنل گیمز میں ہینڈ بال کے میدان میں خیبر پختونخوا کی مردوں اور خواتین کی ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔
مردوں کی ٹیم نے گلگت بلتستان کو یکطرفہ مقابلے میں 8-23 سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کی، جبکہ خواتین کی ٹیم نے بھی گلگت بلتستان کو مات دے کر سبقت برقرار رکھی۔
دوسری جانب ٹیبل ٹینس کے ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں سنسنی خیز اور سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا جہاں واپڈا نے خیبرپختونخوا کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ شاندار لڑائی کے باوجود کے پی ٹیم فائنل تک نہیں پہنچ سکی تاہم ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر خیبر پختونخوا نے براؤنز میڈل اپنے نام کرلیا۔
ٹینس مقابلوں میں بھی خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کا فاتحانہ آغاز رہا۔ کے پی کے برکت اللہ نے مینز سنگلز مقابلے میں ایچ ای سی کے حاشر کو 0-2 سے جبکہ ثاقب نے گلزار کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
رسہ کشی ایونٹ میں بھی خیبر پختونخوا نے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان نیشنل کوچنگ و ٹریننگ سینٹر کراچی میں منعقدہ مقابلوں کے پہلے روز واپڈا نے پنجاب، ریلوے نے نیوی، خیبر پختونخوا نے میزبان سندھ اور پولیس نے بلوچستان کو 0-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
نیشنل گیمز میں مختلف ایونٹس میں خیبر پختونخوا کی ٹیموں کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور کھلاڑی میڈلز کی دوڑ میں مضبوط پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔