ریکوڈک منصوبہ: ایگزم بینک کی 1.25 ارب ڈالر فنانسنگ کی منظوری

image

اسلام آباد: امریکا کے ایکسپورٹ امپورٹ بینک (ایگزم بینک) نے ریکوڈک میں کان کنی کے منصوبوں کے لیے 1.25 بلین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے، جسے پاک–امریکا اقتصادی شراکت داری کے لیے نہایت اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے سرمایہ کاری اور اقتصادی سفارتکاری کو ترجیح بناتے ہوئے ایسے سودوں کو امریکی سفارتکاری کا مرکز بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایگزم بینک کی اس منظوری سے امریکی برآمدکنندگان، پاکستانی کمیونٹیز اور مشترکہ شراکت داروں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

نیٹلی بیکر کے مطابق ریکوڈک منصوبہ پاکستان میں کان کنی کے شعبے کے لیے ایک مثالی ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، جو جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور شراکت داری کے نئے دروازے کھولے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایگزم بینک کی جانب سے پاکستان میں مختلف منصوبوں کے لیے فنانسنگ کا حجم مستقبل میں 2 ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔

امریکی ناظم الامور نے یہ بھی کہا کہ ہم امریکی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان مزید معاہدوں کے منتظر ہیں، جو دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنائیں گے اور ریکوڈک سمیت دیگر میگا پراجیکٹس میں عالمی معیار کی سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے۔

ریکوڈک منصوبہ اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا معدنیاتی منصوبہ ہے، جس میں سونے اور تانبے کے وسیع ذخائر کی کان کنی شامل ہے، اور اس کی کامیابی پاکستان کی معیشت، روزگار کے مواقع اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US