فیض حمید کی سزا پیغام ہے کہ آئندہ غلطیاں برداشت نہیں کی جائیں گی، بلاول بھٹو زرداری

image

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی آج مکافاتِ عمل سے گزر رہے ہیں اور انہیں اپنی سیاسی زندگی میں کیے گئے اعمال کا جواب دینا پڑ رہا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست میں غلط روایات متعارف کرائیں اور طاقت کے نشے میں رہ کر مخالفین کو دھمکیاں دیتے رہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے حوالے سے کہا کہ وہ بھی طاقت کے نشے میں اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ فیض حمید کو دی گئی سزا اس بات کا واضح پیغام ہے کہ آئندہ اس قسم کی غلطیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔ بلاول کے مطابق فیض حمید کے خلاف مزید تحقیقات اور ٹرائل ابھی باقی ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آئین میں گورنر راج کا آپشن موجود ضرور ہے، تاہم خیبر پختونخوا میں گورنر راج سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ آئین اور قانون کی بالادستی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ریاست کو ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جو ملک میں استحکام لائیں، جبکہ عوام نے پہلے ہی سیاست میں نفرت، دھمکیوں اور انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US