شیخ حسینہ کا بنگلادیش میں سیاسی رہنماؤں کے قتل کا منصوبہ بے نقاب

image

بنگلا دیش نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد پر ملک میں سیاسی تشدد اور قتل کی سازشوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کرتے ہوئے بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیشی سیاسی کارکن عثمان ہادی پر قاتلانہ حملے کے بعد ڈھاکا نے بھارتی سفیر کو طلب کیا اور حملے میں ملوث ملزمان کی حوالگی کا مطالبہ کیا۔

بنگلا دیشی وزارت خارجہ نے کہا کہ مفرور شیخ حسینہ واجد آئندہ عام انتخابات کو متاثر کرنے کے لیے دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں اور بھارت میں مقیم عوامی لیگ کے عناصر اس سلسلے میں سہولت کاری کر رہے ہیں۔ عثمان ہادی پر فائرنگ کے واقعے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور انہیں ماضی میں بھی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں جن میں بھارتی فون نمبرز استعمال ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق سیاسی کارکنوں کے قتل اور دھمکی آمیز اقدامات کا مقصد بنگلا دیش میں انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنا اور سیاسی ماحول میں خوف پھیلانا ہے۔ بنگلا دیش نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے میں تعاون کرے اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرے تاکہ ملوث افراد کو گرفتار کر کے بنگلا دیش کے حوالے کیا جا سکے۔

انادولو ایجنسی کے مطابق بنگلا دیش کا مؤقف ہے کہ بھارت میں مقیم عوامی لیگ کے کچھ رہنما بنگلا دیش میں سیاسی تشدد اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں، جس کے نتیجے میں ملک میں امن و امان متاثر ہو سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US