ٹرمپ انتظامیہ نے افغان شہریوں کے لیے اسپیشل امیگرنٹ ویزا پروگرام کو معطل کر دیا ہے اور اس کے ساتھ ہی ویزا ہولڈرز کو حاصل حفاظتی استثنیٰ بھی ختم کر دیا گیا ہے۔
امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ فیصلہ حالیہ دنوں میں افغان نژاد نیشنل گارڈ اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا، جس کے بعد افغان شہریوں کے لیے پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں۔
اخبار کے مطابق افغانستان ان 12 ممالک میں شامل ہے جن پر رواں سال جون میں مکمل سفری پابندیاں عائد کی گئی تھیں جبکہ اب ان ممالک پر جاری خصوصی امیگرنٹ ویزا پروگرامز پر بھی نئی قدغنیں لگا دی گئی ہیں۔
دی واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ امریکی حکام کے مطابق یہ اقدام ان ممالک کے خلاف اٹھایا گیا ہے جہاں اسکریننگ، جانچ پڑتال، انتظار کے عمل اور معلومات کے تبادلے میں ناکامیوں کا سامنا رہا ہے۔
اس فیصلے کے بعد افغان اسپیشل امیگرنٹ ویزا کے منتظر اور حامل افراد میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے بھی ممکنہ ردِعمل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔