بھارتی وزیر خارجہ کے پاکستان مخالف بیان پر دفتر خارجہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے الزامات کو بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کا کہنا ہے کہ بھارت ایسے بیانات کے ذریعے اپنی اندرونی ناکامیوں اور خطے میں منفی کردار سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان بھارتی وزیر خارجہ کے تمام الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں دہشتگردی اور عدم استحکام کے فروغ میں بھارت کا کردار عالمی سطح پر ریکارڈ کا حصہ ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق کلبھوشن یادیو بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کا ناقابل تردید ثبوت ہے جبکہ پراکسی گروہوں کے ذریعے تخریب کاری بھارت کی مستقل پالیسی رہی ہے۔ ترجمان نے ہندوتوا انتہاپسند نظریے کو خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ برقرار ہے اور پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی اصولی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کو ایک بین الاقوامی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی کسی بھی یکطرفہ خلاف ورزی ناقابل قبول ہوگی۔