گڈز ٹرانسپورٹرز، آئل ٹینکرز ہڑتال ختم کرانے کیلیے حکومت فی الفور مداخلت کرے، صدر کراچی چیمبر

image

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ریحان حنیف نے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز اور آئل ٹینکرز کی جاری ہڑتال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مال بردار گاڑیوں کی نقل و حرکت مسلسل معطل رہنے سے صنعتی پیداوار، سپلائی چین، برآمدات اور مجموعی معاشی سرگرمیاں شدید متاثر ہوسکتی ہیں۔

پیر کے روز جاری کردہ اپنے ویڈیو بیان میں صدر کے سی سی آئی ریحان حنیف نے وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کے نمائندوں سے فوری طور پر اعلیٰ ترین سطح پر رابطہ کرکے انہیں مذاکرات میں شامل کریں، ان کے جائز اور حقیقی مسائل سنیں اور بامعنی مذاکرات کے ذریعے ان کے زیرِ التوا مسائل کو مزید کسی تاخیر کے بغیر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال فوری حکومتی مداخلت کا تقاضا کرتی ہے۔

صدر کے سی سی آئی نے نشاندہی کی کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ پاکستان کی مکمل سپلائی چین میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جو بندرگاہوں، صنعتوں، مارکیٹوں اور صارفین کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہے۔ اشیاء اور پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت میں طویل تعطل کے نتیجے میں صنعتی پیداوار، خام مال کی دستیابی، تیار مصنوعات کی ترسیل، ایندھن کی فراہمی، ملکی تجارت اور برآمدی سامان کی بروقت ترسیل پر نہایت منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے وقت میں جب پاکستان کی برآمدی صنعت پہلے ہی متعدد معاشی اور انتظامی مشکلات سے دوچار ہے، وہ مزید کسی رکاوٹ کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ تاہم انہوں نے ٹرانسپورٹ برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے وسیع تر قومی مفاد کو مدنظر رکھیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US