پاکستان اور چائنا کا سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ دھوم دھام سے منانے کا عزم

image

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (CPC) کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارٹی ٹو پارٹی روابط، علاقائی صورتحال اور سی پیک منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے مابین مستحکم دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ رواں سال شایانِ شان اور بامقصد انداز میں مشترکہ طور پر منائی جائے گی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی بیسویں مرکزی کمیٹی کے چوتھے پلینئیم کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد دی اور اسے چین کی دانشمندانہ قیادت اور ترقی کے تسلسل کا مظہر قرار دیا۔

ملاقات میں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی ٹو پارٹی روابط دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سی پیک منصوبوں کے تحت جاری اور مستقبل کے منصوبوں میں پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

چینی فریق نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستی کو خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US