کراٹے میں گولڈ میڈل بلوچستان کے لیے فخر ہے، نسرین ہزارہ

image

بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 35ویں قومی گیمز میں کراٹے کے مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی نسرین ہزارہ نے کہا ہے کہ قومی گیمز میں شرکت اور گولڈ میڈل جیتنا ان کے لیے اعزاز اور خواب کی تعبیر ہے۔بڑا سوچنا ہی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے اور محنت، لگن اور اعتماد کے ساتھ ہر ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

کراٹے گولڈ میڈلسٹ نسرین ہزارہ نے بتایا کہ وہ قومی گیمز میں شرکت کے لیے پرامید تھیں اور واپڈا کی مضبوط ٹیم کے ساتھ مقابلے کے باوجود انہیں یقین تھا کہ وہ بلوچستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کریں گی۔نسرین ہزارہ نے کہا کہ انہیں بچپن سے ہی کراٹے سے شوق اور لگا رہا ہے اور یہی کھیل ان کا پسندیدہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراٹے صرف طاقت کا نہیں بلکہ اخلاقیات اور نظم و ضبط کا کھیل ہے، اس لیے کھیل کے دوران بدتمیزی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ نسرین ہزارہ نے بتایا کہ انہوں نے 35ویں نیشنل گیمز میں 50 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں حصہ لیا جہاں انہیں فائٹس کے دوران سینئر کھلاڑیوں سے سیکھنے کا بھی موقع ملا۔

گولڈ میڈل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اس کامیابی کا کریڈٹ اپنی والدہ اور اساتذہ کو دیتی ہیں اور ان تمام افراد کی شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کے لیے دعائیں کیں۔ یہ ان کا پہلا نیشنل گیمز تھا اور اسی میں گولڈ میڈل حاصل کرنا ان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔نسرین ہزارہ نے کہا کہ ان کے والدین نے ہمیشہ بھرپور سپورٹ کیا انہوں نے پڑھائی اور گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ پریکٹس پر بھی بھرپور توجہ دی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی بلوچستان کی نمائندگی کرتی رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ بڑا سوچنا ہی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے اور محنت، لگن اور اعتماد کے ساتھ ہر ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ کراٹے کے کھیل کو بھرپور سرپرستی فراہم کی جائے تاکہ کھلاڑی قومی سطح پر بلوچستان کی بہتر نمائندگی کرتے ہوئے صوبے اور ملک کا نام روشن کر سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US