آسٹریلیا کے تجربہ کار بیٹسمین اسٹیو اسمتھ نے ایک بار پھر اپنی کلاس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے کئی ریکارڈز نام کرلیے۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے ایشز کے آخری ٹیسٹ میں پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ نے سیریز میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی اور تیسرے دن کے اختتام پر 129 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ان کی اس شاندار اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کے پہلی اننگز میں 384 رنز کے جواب میں 7 وکٹوں پر 518 رنز بنالیے اور میزبان ٹیم کو 134 رنز کی مضبوط برتری حاصل ہوگئی۔
اس شاندار سنچری کے ساتھ اسٹیو اسمتھ نے انگلینڈ کے لیجنڈ جیک ہوبز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایشز کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
اسمتھ کے ایشز میں مجموعی رنز کی تعداد 3،682 ہو گئی ہے، جبکہ اس فہرست میں پہلے نمبر پر سر ڈان بریڈمین 5،028 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔
اس فہرست میں اب تیسرا نمبر انگلینڈ کے جیک ہوبز کا ہے جنہوں نے ایشز میں 3،636 رنز اسکور کیے تھے۔
اس کے علاوہ اس سنچری کے ساتھ اسٹیو اسمتھ ایشز میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
اسٹیو اسمتھ کی ایشز میں 13 سنچریاں ہیں جبکہ اس فہرست میں بھی سر ڈان بریڈمین 19 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
علاوہ ازیں یہ اسٹیو اسمتھ کی بطور کپتان 18ویں سنچری تھی، جن میں سے 6 سنچریاں انگلینڈ کے خلاف ہیں، جو کسی بھی کپتان کی جانب سے ایک ہی حریف کے خلاف سب سے زیادہ ہیں۔
اس اننگز کے ساتھ اسٹیو اسمتھ نے راہول ڈریوڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں چھٹی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جن کی تعداد 51 ہے۔
اس کے علاوہ جیک کیلس نے 45، رکی پونٹنگ اور جو روٹ نے41، کمار سنگاکارا نے 38 اور اسٹیو اسمتھ نے 37 ٹیسٹ سنچریاں اسکور کی ہیں۔