معروف پاکستانی اداکارہ، ہوسٹ اور سماجی کارکن مشی خان نے ایک نجی یونیورسٹی میں حالیہ خودکشی کے واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ مشی خان نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یونیورسٹی کی انتظامیہ پر تنقید کی اور کہا کہ طلبہ پر اس قدر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ اپنی جان لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
ویڈیو میں مشی خان نے بتایا کہ گزشتہ روز شیخوپورہ کی ایک نوجوان طالبہ یونیورسٹی کی دوسری منزل سے گر کر شدید زخمی ہوئی اور وینٹی لیٹر پر رکھنے کے بعد جان کی بازی ہار گئی۔ چند دن قبل ایک مرد طالب علم نے بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں طلبہ تعلیمی دباؤ اور حاضری کے مسائل کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔
مشی خان نے کہا کہ یہ یونیورسٹی میں دوسرا ایسا واقعہ ہے جہاں طلبہ عمارت سے گر کر اپنی جانیں کھو رہے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف کھلی تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ وہ طلبہ پر کس قسم کا دباؤ ڈال رہے ہیں جو انہیں انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کر رہا ہے۔ اس لڑکی کا تعلق شیخوپورہ سے تھا۔ میں ان والدین پر بھی غصہ ہوں جو اپنے بچوں کو ایسی یونیورسٹیوں میں بھیجتے ہیں جہاں طلبہ اپنی جان لے رہے ہیں۔ پہلے واقعے کے بعد انہوں نے شام میں میلہ بھی رکھا تھا۔ والدین پر شرم آنی چاہیے۔ میں پنجاب حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ ان واقعات کی کھلی تحقیقات کرے۔
سوشل میڈیا صارفین نے یونیورسٹی میں بڑھتے ہوئے خودکشی کے واقعات پر صدمہ اور تشویش کا اظہار کیا جبکہ مشی خان کی ہمت اور حق کی آواز بلند کرنے پر انہیں سراہا جا رہا ہے۔