بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیما مالنی نے دھرمیندر کے انتقال کے بعد خاندان میں اختلافات سے متعلق گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ دھرمیندر کی یاد میں دو الگ الگ دعائیہ تقاریب منعقد ہونے کے بعد میڈیا اور سوشل میڈیا پر خاندان میں اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
ہیما مالنی نے ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ خاندان میں کسی قسم کی کوئی دراڑ یا تنازع موجود نہیں ہے۔ ان کے مطابق تمام فیصلے باہمی مشاورت سے کیے گئے اور دعائیہ تقاریب کا انعقاد خاندان کا ذاتی معاملہ تھا۔
اداکارہ نے وضاحت کی کہ مختلف شہروں میں دعائیہ تقاریب منعقد کرنے کی وجہ خاندان کے مختلف سماجی اور سیاسی حلقے تھے تاکہ تمام قریبی افراد کو شرکت کا موقع مل سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ خاندان کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے اور سب معاملات خوش اسلوبی سے چل رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دھرمیندر 24 نومبر کو 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ اپنے پیچھے دو بیویاں اور چھ بچوں کو چھوڑ گئے ہیں جبکہ ان کے بیٹے سنی دیول دھرمیندر کے فارم ہاؤس کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بھی بنا رہے ہیں۔