پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی کراچی اوپن انٹرنیشنل اسکواش چیمپین شپ جو ایک پروفیشنل اسکواش اسوسی ایشن کا گولڈ ٹورنامنٹ ہے میں فائنل تک رسائی نہیں حاصل کر پایا جو مصر کے جونیئر ورلڈ چیمپین محمد ذکریا نے اپنے ہم وطن علی ابو الن کو ہرا کر جیت لیا۔
مصر کی ہی جونیئر ورلڈ چیمپین امینہ اورفی نے خواتین کے فائنل میں ملائیشیا کی سوا سنگاری سبرامنیم کو تین صفر شکست دے دی۔ دونوں فائنلز اتوار کے دن کراچی میں کھیلے گئے۔
کراچی اوپن میں پاکستان کی طرف سے چھ کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں نور زمان، محمد اشعب عرفان، ناصر اقبال، طیب اسلم، ثنا بہادر اور مریم ملک شامل تھے۔
ٹورنامنٹ میں مکمل پرائز منی 242 یو ایس ڈالرز تھی۔ کراچی اوپن پاکستان میں ہونے والے اسکواش ٹورنامنٹس میں یہ سب سے زیادہ پرائز منی والا ایونٹ تھا جس میں مصر، انگلینڈ، ملائیشیا، فرانس اور کئی دیگر ممالک نے حصہ لیا۔
بھارت کے کھلاڑی آخری وقت پر ٹورنامنٹ سے پیچھے ہٹ گئے جس پر پاکستان کے اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے افسوس کا اظہار کیا اور زور دیا کہ سیاست اور کھیل کو الگ الگ رکھنا چاہیے۔
ٹورنامنٹ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی سیمی فائنل تک بھی رسائی حاصل نہیں کر پایا۔ نور زمان اشعب عرفان اور ناصر اقبال کوارٹر فائنل میں شکست کھا گئے تھے۔