بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو پھر واضح کردیا ہے کہ وہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم کو بھارت نہیں بھیجنا چاہتا کیونکہ ان کو سنگین سیکیورٹی خدشات ہیں۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے بھارت میں کھیلنے سے انکار کو پھر دہرایا جب گذشتہ روز ان کی اور آئی سی سی کی ایک ویڈیو کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے واضح کیا کہ آئی سی سی وقت کی کمی کے باوجود بنگلا دیش ٹیم کے میچز بھارت کے علاوہ کسی اور ملک میں کرائے جبکہ آئی سی سی نے ان سے پھر درخواست کی کہ وہ اپنی پوزیشن کو دیکھیں کیونکہ اس وقت ورلڈ کپ شروع ہونے میں بہت کم وقت رہ گیا ہے اور میچز کے شیڈول کا اعلان ہوچکا ہے۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے عہدے داران نے آئی سی سی پر واضح کیا کہ ان کے لیے ان کی کھلاڑیوں کی حفاظت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں اور اس وقت بھارت میں بنگلا دیش کو لے کر جس قسم کا ماحول ہے اس ماحول میں وہ قطعی طور پہ اپنی ٹیم کو بھارت نہیں بھیجیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی آئی سی سی کو یہ پیشکش کی ہے کہ اگر وہ چاہے تو پی سی بی کم وقت میں بھی بنگلا دیش کے جو ورلڈ کپ میچز ہیں وہ پاکستان میں کرا سکتا ہے۔
پی سی بی نے بھی آئی سی سی کو واضح کردیا ہے کہ مسئلہ سنگین ہے اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے خدشات اپنی جگہ بالکل ٹھیک ہیں۔
پاکستان ٹیم خود اپنے سارے میچز سری لنکا میں کھیلے گا اور اگر وہ فائنل تک رسائی حاصل کرتا ہے تو فائنل بھی کولمبو میں ہوگا۔