کیٹی بندر کے قریب سمندر میں شکار کے لیے جانے والی ایک کشتی الٹنے کے نتیجے میں 8 افراد ڈوب گئے۔ حادثہ خراب موسم اور تیز لہروں کے باعث پیش آیا، جس کے باعث کشتی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ماہی گیروں نے فوری امدادی کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کو زندہ بچالیا تاہم 2 افراد لاپتا ہوگئے تھے۔ میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران ایک شخص ظہیر احمد کی لاش برآمد کرلی گئی ہے جبکہ دوسرے لاپتا شخص واحد بخش کی تلاش جاری ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے افراد میں سے 5 کا تعلق کراچی جبکہ 3 افراد کیٹی بندر کے رہائشی تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے ڈوبنے والی لانچ بھی سمندر سے نکال لی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔