خوراک، صحت اور ماحول کا باہمی تعلق، فوڈ ایشیا 2026 میں ماہرین کی گفتگو

image

کراچی ایکسپو سینٹر میں فوڈ ایشیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر 2026 کے موقع پر پاکستان سوسائٹی فار مائیکروبایولوجی اور بین الاقوامی ادارہ برائے صحت و جدید تحقیق کے اشتراک سے فوڈ سیفٹی ایک نظام اور ون ہیلتھ اپروچ کے عنوان سے آگاہی سیشن کامیابی سے منعقد ہوا۔

سیشن میں فوڈ سیفٹی کو عوامی صحت کی ایک اہم ترجیح قرار دیا گیا جو انسانی اور حیوانی صحت، ماحولیاتی تحفظ اور معاشی ترقی سے براہِ راست منسلک ہے۔ مقررین نے ون ہیلتھ اپروچ کی اہمیت پر زور دیا جس کے تحت مختلف شعبوں کے باہمی تعاون سے خوراک سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام، اینٹی مائیکروبیل مزاحمت پر قابو پانے اور پائیدار غذائی نظام کے قیام کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

سیشن کا آغاز پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ، پیٹرن اِن چیف پاکستان سوسائٹی فار مائیکروبایولوجی اور سی ای او ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگناسٹک سینٹر کے استقبالیہ خطاب سے ہوا، جنہوں نے مربوط فوڈ سیفٹی نظام کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شہانہ عروج کاظمی نے محفوظ غذا کے ذریعے صارفین کی صحت کے تحفظ پر روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر محمد حسان نے قدرتی محفوظ کنندگان اور کلین لیبل فوڈ سلوشنز، ڈاکٹر ذوالفقار علی میرانی نے سمندری غذا میں وائرل خطرات، ڈاکٹر سیدہ صدف اکبر نے اینٹی مائیکروبیل مزاحمت جبکہ ڈاکٹر عبیرا معین نے سرکلر بایو اکانومی اور فوڈ سیفٹی کے باہمی تعلق پر اظہارِ خیال کیا۔

تقریب میں صارفین کی آگاہی اور ذمہ داری کے موضوع پر پینل مباحثہ بھی منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر حمیدہ نصرت، ڈاکٹر صدف شہاب اور ڈاکٹر صبا میمن نے محفوظ اور پائیدار غذائی نظام کے لیے باخبر صارفین کے کردار کو اجاگر کیا۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر سعدیہ خلیل نے کی جبکہ مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور شرکاء نے سیشن میں بھرپور شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US