وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان آسان خدمت مرکز کا افتتاح کیا، جس کا مقصد شہریوں کو ایک ہی چھت تلے آسان، شفاف اور تیز ترین خدمات فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ مرکز عوام کے لیے بے پناہ سہولیات کا باعث بنے گا اور اسی طرز کے مراکز آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی قائم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ آذربائیجان کے دورے کے دوران باکو میں خدمت مرکز کا دورہ کیا گیا اور وہاں کی جدید ٹیکنالوجی اور تجربے کو پاکستان میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے تعاون پر شکرگزاری بھی کی۔
وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ مرکز عوامی خدمات کے نظام میں ایک انقلابی قدم ہے اور شہری حکومت سے تعلق مزید مضبوط ہوگا۔ مرکز میں نادرا، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سی ڈی اے، سوئی گیس اور دیگر محکموں کی خدمات فراہم کی جائیں گی، جبکہ ماسٹر ٹرینرز نے آذربائیجان سے خصوصی تربیت حاصل کی ہے۔
افتتاح کے موقع پر وفاقی وزراء، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے مرکز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔