پی ٹی وی کی مالی و انتظامی صورتحال شفاف، تمام ملازمین کو واجبات ادا، وفاقی وزیر اطلاعات

image

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت ندیم عباس نے کی، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں پی ٹی وی کی مالی و انتظامی صورتحال، انسانی وسائل اور ادارہ جاتی اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ پی ٹی وی کے تمام ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن کے واجبات ادا کر دیے گئے ہیں اور ادارے پر کسی قسم کی واجب الادا رقم نہیں۔ بجلی کے بلوں اور پی ٹی وی فیس کے خاتمے سے متعلق اٹھنے والے سوالات کو مسترد کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ ادارہ فیس کے خاتمے کے بعد چل نہیں سکے گا۔

وزیر اطلاعات نے اینکرز کی بھرتیوں پر دوٹوک موقف اختیار کیا اور کہا کہ تمام اینکرز کی تقرری مکمل طور پر میرٹ پر ہوئی ہے اور کسی قسم کی سفارش یا سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی اینکر کو بھرتی کیا گیا تو مسابقتی تنخواہ دی جاتی ہے اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔

پی ٹی وی اسپورٹس چینل کی کامیابی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عالیہ رشید کو اسپورٹس چینل کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے اور اشتہارات بھی حاصل ہو رہے ہیں۔ انسانی وسائل میں اصلاحات کے حوالے سے بتایا گیا کہ پہلی بار ڈائریکٹر ہیومن ریسورس تعینات کیا گیا اور تمام ملازمین کا ریکارڈ آٹومیشن کے ذریعے محفوظ کیا جا رہا ہے۔

قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے ادارہ جاتی اصلاحات کے عمل کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US