وفاقی وزیر مذہبی امور کا گیس دھماکے سے متاثرہ مسیحی خاندانوں کی مالی امداد کا اعلان

image

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے جی سیون میں گیس دھماکے سے متاثرہ گھر کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے کو قومی المیہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گیس لیکج کا یہ سانحہ انتہائی افسوسناک ہے، جس میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور ایک خوشی کا موقع غم میں بدل گیا۔

وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس پانچ پانچ لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی، جبکہ زخمی افراد کو وزارت کی جانب سے فی کس پچاس ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک یتیم بچی کے جہیز کے لیے وہ اپنے خصوصی فنڈ سے مالی معاونت کریں گے۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ مسیحی کمیونٹی ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہے اور ہم سب ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ان سے قبل ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، کھیئل داس کوہستانی اور چیئرمین سی ڈی اے بھی متاثرہ مقام پر آئے تھے۔ آج وزارت کے تمام ذمہ دار افسران یہاں موجود ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کی مکمل تفصیلات وزیراعظم تک پہنچائی جائیں گی، جبکہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ بڑی آبادی متاثر ہونے کے باعث علاقے کی ری کنسٹرکشن ضروری ہے، جس کے لیے حکومت ہدایات جاری کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔ اس سانحے نے حفاظتی اقدامات کی اہمیت اور لاپروائی کے مہلک نتائج کو واضح کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم متحد قوم ہیں اور ایسے سانحات میں قومی یکجہتی ہی ہماری اصل طاقت ہے، کیونکہ انسانی درد کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US