پیٹرول پمپس اور پیٹرولیم سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ملک گیر مہم کا آغاز

image

حکومت نے جامع اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت پیٹرول پمپس اور پیٹرولیم سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ملک گیر مہم کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد اسمگلنگ کی روک تھام، غیر قانونی فروخت کا خاتمہ اور مجاز ڈیلرز کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔

پیر کووزارت پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان اصلاحات کا بنیادی ہدف پیٹرولیم ویلیو چین کے تمام مراحل درآمدات، ریفائنریز، نقل و حمل اور ریٹیل آٹ لیٹس کو ایک مضبوط ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے تحت مربوط کرنا ہے تاکہ حقیقی وقت میں نگرانی، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جاسکے۔

اس ضمن میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کامیابی سے موبائل ایپلی کیشن راہگزار متعارف کرائی ہے جو ملک بھر میں قانونی طور پر کام کرنے والے پیٹرول پمپس سے متعلق تصدیق شدہ معلومات فراہم کرتی ہے۔ یہ ایپ صارفین، ریگولیٹرز اور دیگر متعلقہ فریقین کو مستند اور تازہ ترین ڈیٹا تک رسائی دے کر بااختیار بناتی ہے۔

نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اوگرا نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے اشتراک سے ٹینک لاریوں کے لیے متحدہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کیا ہے۔ یہ نظام ای آر پی ڈیٹا، ٹینک لاریوں کی نقل و حرکت، ٹرمینل آپریشنز اور ریٹیل آٹ لیٹس کی معلومات کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر یکجا کرتا ہے۔

آئندہ مرحلے میں پیٹرول پمپس کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی جس کے تحت خودکار ٹینک گیجز اور ڈیجیٹل ڈسپنسنگ یونٹس نصب کیے جائیں گے تاکہ ڈاؤن اسٹریم شعبے کی مؤثر اور مسلسل نگرانی ممکن ہوسکے۔ اپ اسٹریم شعبے میں پاکستان نے 18 سال کے وقفے کے بعد آف شور بولی کے کامیاب انعقاد سے رواں سال ایک اہم سنگِ میل عبور کیا۔

اس میں 23 ایکسپلوریشن بلاکس کے لیے بولیاں موصول ہوئیں، شفافیت اور کارکردگی کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پیٹرولیم کنسیشنز (ڈی جی پی سی) بطور شعبہ ریگولیٹر ایک نیا آن لائن پورٹل اور ویب سائٹ لانچ کر رہا ہے جس کے ذریعے تیل و گیس کی تلاش و پیداوار (ای اینڈ پی) بلاکس کی ڈیجیٹل بولی ممکن ہوسکے گی۔

اس پورٹل کے ذریعے کمپنیاں رجسٹریشن، بلاکس کی تفصیلات تک رسائی اور بولیوں سمیت معاون دستاویزات آن لائن جمع کرا سکیں گی۔

وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کے محکمہ نے ایکسپلوزِوز ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم (ای ٹی ٹی ایس) تیار کیا ہے تاکہ سپلائی چین کی مؤثر نگرانی اور ضابطہ بندی کی جاسکے۔

ای ٹی ٹی ایس کے دو مراحل کامیابی سے نافذ کیے جا چکے ہیں جو مینوفیکچررز سے لے کر آخری صارفین تک سپلائی چین کی حقیقی وقت میں نگرانی کو یقینی بناتے ہیں۔ یہ نظام غیر قانونی استعمال کی روک تھام، محفوظ ترسیل اور شفافیت و جوابدہی کو فروغ دیتا ہے۔

ان اصلاحات کو مضبوط قانونی بنیاد فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم ایکٹ 1934 میں ترامیم نافذ کی گئی ہیں۔ ان ترامیم کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے آئی ٹی پر مبنی ٹریکنگ متعارف کرائی گئی ہے، کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی ضبطی کی شقیں شامل کی گئی ہیں جبکہ غیر قانونی فروخت، ذخیرہ اندوزی اور نقل و حمل میں ملوث عناصر کے خلاف سخت سزاؤں کا بھی تعین کیا گیا ہے۔

گیس کے شعبے میں پیٹرولیم ڈویژن نے طویل المدتی طلب و رسد ماڈل، قیمتوں کا تعین کرنے کا ماڈل اور سرکلر ڈیٹ رپورٹنگ ٹول تیار کیا ہے تاکہ اس شعبے میں طلب و رسد اور مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ یہ وسیع البنیاد ڈیجیٹل اور قانونی اصلاحات پیٹرولیم شعبے کی جدید خطوط پر تنظیمِ نو، غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی ریگولیٹری فریم ورک کے قیام کے لیے حکومتِ پاکستان کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US