ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد کمی، درآمدات میں 12 فیصد اضافہ

image

ملکی برآمدات میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد کمی اور درآمدات میں 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں ملکی اشیا کی برآمدات کا حجم 15.507 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 16.319 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 5 فیصد کم ہے، دسمبر میں اشیا کی درآمدات کا حجم 2.751 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو نومبر کے 2.277 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 21 فیصد زیادہ اور دسمبر 2024 کے 3.107 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 11فیصد کم ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں اشیا کی درآمدات کا حجم 31.32 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 27.902 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 12 فیصد زیادہ ہے، دسمبر میں اشیا کی درآمدات پر 5.737 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو نومبر کے 4.716 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 22 فیصد زیادہ اور دسمبر 2024 کے 4.891 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 17 فیصد زیادہ ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں اشیا کے شعبہ کا تجارتی خسارہ 15.818 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 11.583 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 36.56 فیصد زیادہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US