وزیرِ خزانہ کا ورلڈ اکنامک فورم میں سعودی ہم منصب سے اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

image

ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم 2026 کے سالانہ اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے مملکتِ سعودی عرب کے وزیرِ خزانہ محمد الجدعان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیرِ خزانہ نے سعودی ہم منصب کو پاکستان کی معاشی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ معیشت استحکام اور ترقی کی جانب گامزن ہے، زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوچکے ہیں اور درآمدات کے لیے تین ماہ کا کور موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے، کیپٹل مارکیٹ میں نئے سرمایہ کار شامل ہو رہے ہیں اور آئی پی اوز میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے شرحِ نمو، شرحِ سود میں کمی، ترسیلاتِ زر میں اضافے اور آئی ٹی سروسز کے فروغ کو معاشی بہتری کی اہم علامات قرار دیا۔ انہوں نے معدنیات، زراعت اور پیداواری شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو حکومتی ترجیح قرار دیا۔

نجکاری سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ ہوائی اڈوں، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری پر کام جاری ہے، جبکہ نجکاری کا عمل شفاف اور منظم انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

سعودی وزیرِ خزانہ محمد الجدعان نے پاکستان کی حالیہ معاشی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور سعودی عرب کے نجکاری کے کامیاب تجربات سے آگاہ کیا۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے باہمی اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US