محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نے صوبائی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں ویٹ ریلیز پالیسی 2026 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں آٹے کی بلا تعطل فراہمی اور گندم کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے لیے 1 لاکھ 36 ہزار میٹرک ٹن گندم جاری کی جائے گی۔
یہ مقدار فوڈ گرین گوداموں میں موجود کل ذخیرے کا 50 فیصد ہے، جس میں 61 ہزار 811 میٹرک ٹن پاسکو کی مقامی گندم اور 74 ہزار 189 میٹرک ٹن صوبائی سطح پر خریدی گئی گندم شامل ہے۔
محکمہ خوراک کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گندم کی فراہمی صوبے کی تمام فعال فلور ملز کو فرسٹ اِن، فرسٹ آؤٹ کی بنیاد پر کی جائے گی۔
گندم کی سرکاری ریلیز قیمت 10 ہزار 414 روپے فی 100 کلو مقرر کی گئی ہے، جس میں باردانہ کی لاگت بھی شامل ہے۔ اس کے بدلے فلور ملز 20 کلو آٹے کا تھیلا ایکس مل ریٹ 2 ہزار 190 روپے جبکہ صارفین کو 2 ہزار 220 روپے میں فراہم کرنے کی پابند ہوں گی۔
ہر ضلع کے لیے آبادی کی بنیاد پر یومیہ کوٹہ مقرر ہوگا، جو تمام فعال فلور ملز میں برابر تقسیم کیا جائے گا۔ اگر کوئی فلور مل سرکاری نرخ پر آٹا فراہم کرنے میں ناکام پائی گئی تو اس پر فی 100 کلو 20 ہزار 828 روپے جرمانہ، کوٹہ منسوخی اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اسی طرح آٹا ڈیلر کی خلاف ورزی پر فی 20 کلو 4 ہزار 440 روپے جرمانہ، کوٹہ منسوخی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔