وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بسنت کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو خوشیاں واپس دلائیں گے اور صوبے میں دنگے، فساد اور انتشار کا ماحول مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بسنت فیسٹیول 800 سال پرانا ہے اور اس بار پنجاب حکومت کے زیر انتظام اسے بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ لاہور میں ٹریفک کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ لاہور کو سیفٹی پلان کے تحت تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور وقت سے پہلے پتنگ اڑانے والے افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غلط ڈور استعمال کرنے پر پانچ سال قید اور پتنگ و ڈور کے مقررہ سائز کی خلاف ورزی پر بھی سزا ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ ریڈ زون میں بغیر سیفٹی راڈ کے داخلے پر پابندی ہوگی، موٹر سائیکل سواروں کو 10 لاکھ سیفٹی راڈ فراہم کیے جائیں گے اور بسنت کے تین دنوں میں 500 بسوں پر مفت سفر کی سہولت دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ اورنج لائن، میٹرو اور الیکٹرک بسیں بھی تین دن فری چلیں گی، اس دوران 5 لاکھ ٹرپس میری طرف سے عوام کے لیے تحفہ ہیں۔

بسنت اس سال 6، 7 اور 8 فروری کو منایا جائے گا، مریم نواز نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کی مکمل پاسداری کریں تاکہ فیسٹیول خوش اسلوبی سے منایا جاسکے۔

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US