کراچی سانحہ گل پلازہ کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی متحرک ہوگئی، شہر میں تین اضلاع میں جاری عمارتوں کا سروے کے دوران 90 فیصد عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات نا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایس بی سی اے کی جانب سے ضلع شرقی، وسطی اور جنوبی میں رہائشی و تجارتی عمارتوں کا فائر آڈٹ جاری ہے، ادارے نے 300 سے زائد عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات نا ہونے پر نوٹسز جاری کردئیے۔
ایس بی سی اے کے نوٹسز میں عمارتوں میں تین روز کے دوران فائر سیفٹی انتظامات مکمل کرنے کا وقت دیا گیا، ایس بی سی اے حکام کے مطابق چند عمارتوں میں فائر سیفٹی کے آلات ناکارہ حالت میں پائے گئے۔
سروے کے دوران بیشتر بلند عمارتوں میں ہنگامی اخراج کی غیر موجودگی کا انکشاف بھی ہوا، چند عمارتوں میں ہنگامی اخراج کے راستے پائے گئے لیکن وہ بھی بند حالت میں تھے۔
ایس بی سی اے کی جانب سے چھٹی کے روز بھی شہر بھر میں سروے جاری ہے، سروے میں ایس بی سی اے کی خصوصی ٹیم کے ہمراہ فائر بریگیڈ کا عملہ بھی موجود رہا۔
ایس بی سی اے حکام کا کہنا ہے کہ جاری کردہ نوٹسز پر عملدرآمد نا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، تین روز میں فائر سیفٹی اقدامات نا کرنے پر عمارتوں کو سیل کیا جائے گا، عمارتوں کے مالکان اور یونینز کو فائر سیفٹی اقدامات کے ساتھ فائر بریگیڈ کے این او سی حاصل کرنا بھی لازم ہوگا، عمارتوں کے سیل کیے جانے کا کام ضلعی انتظامیہ کی مدد سے مکمل کیا جائے گا۔