امریکا میں شدید برفانی طوفان، درجہ حرارت منفی 49 تک گر گیا، 7 افراد ہلاک

image

امریکا کی متعدد ریاستوں کو کئی برسوں کے سب سے شدید برفانی طوفان کا سامنا ہے جس کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا جبکہ مختلف حادثات میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما، نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں شدید برفباری، بارش اور یخ بستہ ہواؤں نے صورتحال کو انتہائی سنگین بنا دیا ہے۔ نیویارک کے دیہی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔

شدید موسم کے باعث امریکا بھر میں 16 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ 8 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق برفانی طوفان کے باعث 24 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ خون جماتی سردی سے 40 ریاستوں کے 24 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واشنگٹن اور گردونواح میں 6 سے 10 انچ برف پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث پیر کے روز وفاقی دفاتر بند رکھنے اور نیویارک سٹی کے اسکولوں میں آن لائن کلاسز کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے پریس بریفنگ میں کہا کہ نیویارک کو کئی برسوں بعد موسمِ سرما کے شدید ترین طوفان کا سامنا ہے اور پوری ریاست میں ہڈیوں کو جما دینے والی خطرناک سردی پڑ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واٹر ٹاؤن شہر میں درجہ حرارت منفی 34 جبکہ کوپن ہیگن گاؤں میں منفی 49 ڈگری ریکارڈ کیا جا چکا ہے، جبکہ ریاست کے مختلف حصوں میں 8 سے 18 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے۔

گورنر کیتھی ہوچل نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ امریکا میں برفانی طوفان کے اثرات اگلے ہفتے تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US