ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں سرچ آپریشن تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ آج ٹیکنیکل ٹیم آخری بار اندر جائے گی جس کے بعد عمارت سیل کردی جائے گی، اب بھی کسی کا پیارا لاپتا ہے تو رابطہ کرسکتا ہے۔
ڈی سی کے مطابق 79 لاپتا افراد میں سے 13 کے ورثا نے اب تک ڈی این اے سیمپل نہیں دیے، 30 لاشوں کا ڈیٹا حکومت کو بھیجا جا چکا تاکہ ورثا کو ادائیگی کی جاسکے۔
ڈی سی کا کہنا تھا کہ اب تک 73 لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن میں سے 23 لاشوں کی شناخت مکمل ہوچکی اور میتیں لواحقین کے حوالے کردی ہیں، مقررہ وقت میں رابطہ نہ کرنے والوں کو فہرست سے خارج کردیا جائے گا۔
دوسری جانب ٹیکنیکل ٹیم نے گل پلازہ کی عمارت کا آخری دورہ کرلیا جس کےبعد عمارت کو سیل کرنے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے، عمارت کے اطراف لوہے کی شٹرنگ لگانے کا کام جاری ہے۔
علاوہ ازیں ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ غفلت اور لاپرواہی کے تمام پہلو سامنے لائے جائیں گے، انھوں نے کہا کہ تحقیقات کی جارہی ہیں کہ آگ لگنے کے بعد بھی دروازے کیوں نہیں کھولے گئے؟
واضح رہے کہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق 73 افراد میں سے 23 لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں 17 جنوری کی شب گل پلازہ میں آگ لگی تھی جس نے پورے شاپنگ پلازہ کو تباہ کردیا۔