بھارتی جارحیت کے جواب میں یو این منشور کے تحت حقِ دفاع استعمال کیا، عاصم افتخار

image

اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان نے مئی 2025 میں بھارتی بلااشتعال عسکری جارحیت کے جواب میں اقوامِ متحدہ کے منشور کے مطابق اپنے فطری حقِ دفاع کا استعمال کیا۔

سلامتی کونسل کے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے واضح کیا کہ یو این منشور سے ہٹ کر یکطرفہ اقدامات اجتماعی سلامتی کو کمزور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کوششیں کثیرالجہتی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہیں اور پاکستان خود بھی ایسے اقدامات کا سامنا کر چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مئی 2025 میں بھارت کی جانب سے کی گئی عسکری کارروائی بین الاقوامی قانون اور پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یو این منشور کے آرٹیکل 51 کے تحت پاکستان کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور جبر یا استثنیٰ پر مبنی کسی بھی "نئے معمول" کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔

عاصم افتخار نے مزید زور دیا کہ سلامتی کونسل کو اپنی قراردادوں کے مؤثر نفاذ کے لیے منظم نگرانی کا طریقہ کار وضع کرنا چاہیے اور بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے ساتھ زیادہ مربوط اور منظم رابطہ قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US