پاکستان نیوی کے دو کموڈورز کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ ترقی پانے والوں میں ریئر ایڈمرل جاوید ضیاء اور ریئر ایڈمرل ارمغان احمد شامل ہیں۔
ریئر ایڈمرل جاوید ضیاء کو 1994 میں پاکستان نیوی کے ویپن انجینئرنگ برانچ میں کمیشن ملا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں جبکہ انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ماسٹر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی۔ اپنے شاندار بحری کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔ اس وقت وہ نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (میٹریل) کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ریئر ایڈمرل ارمغان احمد کو 1994 میں پاکستان نیوی کے میرین انجینئرنگ برانچ میں کمیشن ملا۔ وہ بھی پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے نسٹ سے مینوفیکچرنگ سسٹم انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ میں ماسٹر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی۔ انہیں مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور اس وقت وہ مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکیارڈ کراچی کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ملک کے لیے نمایاں اور قابلِ قدر خدمات کے اعتراف میں دونوں فلیگ افسران کو ستارۂ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا ہے۔