چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بریفنگ میں بالخصوص کثیر الجہتی جنگ (ملٹی ڈومین وارفیئر) کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
دورے کے دوران آرمی چیف نے خَیرپور ٹامیوالی میں منعقدہ ہائی انٹینسٹی فیلڈ ایکسرسائز اسٹیڈ فاسٹ ریزولو کا مشاہدہ کیا۔ مشق میں بغیر پائلٹ فضائی نظام، جدید نگرانی کے آلات، الیکٹرانک وارفیئر صلاحیتوں اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کے مؤثر انضمام کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔
فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے باعث جنگ کی نوعیت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، جس کے پیش نظر ذہنی تبدیلی، جدت، مقامی سطح پر تیاری اور ہر سطح پر ہم آہنگی ناگزیر ہو چکی ہے۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روہی ای اسکلز لرننگ ہب اور آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا افتتاح بھی کیا، جو تعلیم اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے لیے پاک فوج کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ کرتے ہوئے مینٹیننس اور کمبیٹ سپورٹ صلاحیتوں کا بھی جائزہ لیا۔
بعد ازاں آرمی چیف نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔