پاکستان اور روانڈا کے درمیان مشرقی افریقا تک براہِ راست سمندری روابط قائم کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس ضمن میں روانڈا کی ہائی کمشنر ہریریمانا فاتو نے وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران کراچی سے جبوتی اور ممباسا تک نئی شپنگ لائنز کے آغاز کی تجویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر بحری امور نے اس موقع پر کہا کہ مشرقی افریقا کی تقریباً 50 کروڑ صارفین پر مشتمل بڑی منڈی تک براہِ راست رسائی پاکستان کی اہم تجارتی ترجیح ہے جبکہ نئی سمندری راہداریوں کے قیام سے تجارتی لاگت میں 30 فیصد تک کمی متوقع ہے۔
جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ کراچی، جبوتی روٹ کے ذریعے ترسیل کے وقت میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ گوادر بندرگاہ کو افریقا کے لیے مستقبل کے اہم برآمدی مرکز کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق بہتر بحری روابط سے پاکستانی برآمدات، بالخصوص ٹیکسٹائل اور ادویات، عالمی منڈی میں مزید مسابقتی بن سکیں گی۔
اس موقع پر روانڈا کی ہائی کمشنر ہریریمانا فاتو نے کہا کہ براہِ راست سمندری روابط سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا اور روانڈا کی چائے، کافی اور ایووکاڈو سمیت زرعی مصنوعات کی پاکستان تک رسائی آسان ہو جائے گی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بحری تعاون کو مزید وسعت دینے میں روانڈا کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔