بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ مکمل کرلیا گیا اور معمولی طبی کارروائی کامیابی سے انجام پا گئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ آنکھوں کے ماہرین نے اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا معائنہ کیا اور معمولی طبی کارروائی کے لیے انہیں پمز اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی۔ گزشتہ ہفتے رات کے وقت انہیں پمز اسپتال لے جایا گیا جہاں تحریری رضامندی کے بعد چند منٹ کی طبی کارروائی کی گئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق کارروائی کے بعد بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو ضروری طبی ہدایات کے ساتھ واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا اور ان کی صحت مکمل طور پر تسلی بخش ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ تمام قیدیوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور یہ کارروائی بھی ماہرین کی سفارش اور مریض کی رضامندی کے تحت عمل میں لائی گئی۔