وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تجارتی تعلقات، بالخصوص جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت تجارت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے یورپی یونین کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، ترقی، سلامتی، مائیگریشن اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان یورپی یونین کے ساتھ جی ایس پی پلس کے تحت قریبی اور مؤثر تعاون کے لیے پُرعزم ہے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
یورپی یونین کے سفیر نے وزیراعظم کی جانب سے پُرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط مزید مستحکم بنانے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے اپریل میں ہونے والے پہلے یورپی یونین، پاکستان بزنس فورم سمیت مختلف تجارتی سرگرمیوں کے ذریعے تعاون کے فروغ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔