انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی رمضان مہم، بروقت علاج اور عطیات کی اہمیت پر زور

image

انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک نے اپنی سالانہ رمضان مہم 2026 کا باضابطہ آغاز پُراثر تھیم رہے خیال – یہ وقت، وقت کی بات ہے کے تحت کر دیا۔ اس مہم کا مقصد اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، خصوصاً اُن مریضوں کا جو زندگی بچانے والے علاج کے منتظر ہوتے ہیں۔

رمضان مہم کی افتتاحی تقریب انڈس اسپتال کے مرکزی کیمپس، کورنگی کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں انڈس اسپتال کی سینئر قیادت، مخیر حضرات، کارپوریٹ شراکت داروں، میڈیا نمائندگان اور مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے نوجوان رضاکاروں نے شرکت کی۔ تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کسی بھی مریض کو مالی مجبوری کے باعث علاج سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔

اس سال کی مہم وقت کی اہمیت پر مرکوز ہے کیونکہ علاج، سرجری یا ایمرجنسی کی صورت میں انتظار جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ رہے خیال محض ایک نعرہ نہیں بلکہ بروقت قدم اٹھانے کی عملی پکار ہے کیونکہ یہ لمحہ دوبارہ نہیں آتا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک عبدالکریم پراچہ نے کہا کہ رمضان ہمدردی، احساسِ ذمہ داری اور انسانیت کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات کسی کے لیے بھی بدل سکتے ہیں اور اجتماعی سخاوت ہی اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج میسر آ سکے۔

چیئرمین ریسورس جنریشن کمیٹی سلیم رزاق تابانی نے صحت کی مساوی سہولیات فراہم کرنے کے IHHN کے مشن کو دہرایا اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں عطیات کی فضیلت بڑھ جاتی ہے اور بروقت تعاون براہِ راست قیمتی جانیں بچانے کا ذریعہ بنتا ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمیونیکیشن اینڈ ریسورس ڈویلپمنٹ سید مشہود رضوی نے پریزنٹیشن کے دوران انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے پھیلتے ہوئے دائرہ کار اور قومی سطح پر اس کے اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ IHHN اس وقت ملک بھر میں 13 ہسپتال، 4 ریجنل بلڈ سینٹرز، 3 فزیکل ری ہیبیلیٹیشن سینٹرز، 100 سے زائد پرائمری ہیلتھ کیئر مراکز، متعدد پبلک ہیلتھ پروگرامز، انڈس یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور انڈس ریسرچ سینٹر چلا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بڑھتے ہوئے طبی اخراجات کے باعث ہر سال 4 لاکھ سے زائد خاندان غربت کی لکیر سے نیچے چلے جاتے ہیں جبکہ انڈس اسپتال ہر ماہ 5 لاکھ سے زائد مریضوں کو مکمل طور پر مفت علاج فراہم کرتا ہے جس میں سے تقریباً 70 فیصد علاج زکوٰۃ فنڈز کے ذریعے ممکن ہوتا ہے۔

سید مشہود رضوی نے زور دیا کہ علاج میں تاخیر زندگی اور موت کے درمیان فرق بن سکتی ہے اس لیے بروقت عطیات نہایت اہم ہیں۔ بے شمار خاندانوں کے لیے امید یا مایوسی کا فیصلہ اسی بات پر ہوتا ہے کہ مدد وقت پر پہنچتی ہے یا نہیں۔

تقریب کے دوران صدر IHHN ڈاکٹر عبدالباری خان کا وڈیو پیغام بھی پیش کیا گیا جس میں انہوں نے میڈیا، مخیر حضرات اور معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے موجودہ معاشی چیلنجز کے پیش نظر مسلسل تعاون کی اپیل کی۔

تقریب کا اختتام چیئرمین شریعہ ایڈوائزری اور زکوٰۃ کمیٹی حافظ امیر کی دعا پر ہوا جس میں مہم کی کامیابی اور پاکستان بھر کے مریضوں کے لیے شفا، آسانی اور راحت کی دعا کی گئی۔

تقریب ایک مضبوط پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی رہے خیال — کیونکہ یہ وقت، وقت کی بات ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US