تیراہ میں کوئی آپریشن نہیں ہو رہا، گورنر خیبرپختونخوا

image

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید قیدی اپنی مکمل سزا بھگتنے کے بعد ہی رہا ہو سکتا ہے قانون سے ہٹ کر کسی کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت کا واحد ایجنڈا ایک قیدی کو آزاد کرانا دکھائی دیتا ہے، تاہم قانون کے مطابق سزا پوری کرنا لازم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی قیدی کو علاج کی غرض سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے تو مریض کا علاج کرنا کوئی غلط بات نہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے وادی تیراہ میں آپریشن سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تیراہ میں کوئی فوجی آپریشن نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال سردیوں کے موسم میں لوگ نقل مکانی کرتے ہیں اور اس وقت صرف لفظی جنگ جاری ہے۔

فیصل کریم کنڈی کے مطابق صوبائی حکومت نے رواں سال آئی ڈی پیز کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے ہیں اور ان کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار 50 سے 60 فیصد افراد ممکنہ آپریشن کے خدشے کے باعث نقل مکانی کر گئے، جبکہ ماضی میں سردیوں کے دوران یہ شرح 30 فیصد تک ہوتی تھی۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں ہر صورت کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چترال سے لے کر ڈیرہ اسماعیل خان تک جہاں بھی دہشت گرد موجود ہوں گے، وہاں آپریشن کیا جائے گا، چاہے کسی کو یہ اچھا لگے یا برا۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے مشورہ دیا کہ پارٹی کو دو حصوں میں تقسیم کر لینا چاہیے اور ایک کا نام تحریکِ انتشار رکھ دیا جائے۔

28ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر عید کے بعد 28ویں ترمیم پیش کی گئی تو اس پر پارلیمنٹ میں بھرپور بحث ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US